ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آگ حادثہ مرکزی حکومت کے زیرنگرانی علاقہ میں پیش آیا کار ڈرائیور ز کو ہمدردی کی بنیاد پر مالی امداد دینا زیر غور: ایم بی پاٹل

آگ حادثہ مرکزی حکومت کے زیرنگرانی علاقہ میں پیش آیا کار ڈرائیور ز کو ہمدردی کی بنیاد پر مالی امداد دینا زیر غور: ایم بی پاٹل

Mon, 25 Feb 2019 10:58:26    S.O. News Service

بنگلورو،24؍فروری(ایس او نیوز) ایرو انڈیا شو کے موقع پر پارکنگ لاٹ میں کل پیش آیا آتشزنی واقعہ انتہائی حساس معاملہ ہے۔ شو کے انعقاد میں ریاستی اور مرکزی حکومتوں کااہم ترین کردار رہا ،یہ باتیں ریاستی وزیر داخلہ ایم بی پاٹل نے کہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینکڑوں کاروں کوخاکستر کرنے والا آتش واقعہ قابل افسوس ہے ، اس موقع پرمیں ریاستی اور مرکزی حکومت کے درمیان الزام اور جوابی الزام عائد کرنے کا موقع فراہم نہیں کروں گا ۔ پیشگی فیصلہ کے مطابق ملٹری احاطہ میں سی ایس ایف اور اےئر فورس نے ذمہ داری لی تھی۔ ہمارے پولیس والے اس کے باہر کی ذمہ داری ادا کررہے تھے۔ آتشزنی کا واقعہ سی ایس ایف اور اےئر فورس کے احاطہ میں پیش آیا ۔

اس طرح ایم بی پاٹل نے براہ راست مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا ۔ انہوں نے بڑی تعداد میں کاروں کے آگ کی لپیٹ میںآنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ سوکھی گھاس اور سواریوں میں موجود ایندھن نے سینکڑوں کاروں کو خاکستر کردیا ۔ اس واقعہ میں تقریباً 300گاڑیاں جل گئیں اورہزار سے زائد کاروں کو آگ کی لپٹ میںآنے سے رو کا گیا ہے ۔ہمارے فائر بریگیڈ عملہ کی کوششوں سے بہت بڑا حادثہ ٹلا ہے ۔ حادثہ میں نقصان اٹھانے والوں کیلئے اپنی گاڑیوں سے متعلق مناسب دستاویزات واپس کئے جانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

رکن پارلیمان شوبھا کرند لاجے کے ٹوئٹ پیغام سے متعلق کئے گئے سوال کاجواب دیتے ہوئے پاٹل نے کہا کہ لگتا ہے، اس معاملہ کو سیاسی رنگ دینے کا انہوں نے ارادہ کرلیا ہے ۔ لیکن سیاست کرنے کامیرا ارادہ نہیں ہے ۔ حادثہ کے متاثرین کو سمجھنے اوران کے مسئلہ کو حل کرنے میں ہماری دلچسپی ہے۔ کار ڈرائیوروں کوانسانیت کے ناطے مالی امداد فراہم کرنے پر غور کیاجارہا ہے ۔


Share: